جب دنیا مصنوعی دواؤں، کیمیکل بھرے شربتوں اور بے شمار گولیوں سے تنگ آ چکی، تو قدرت نے قہوہ جات کی صورت میں اپنی صدیوں پرانی حکمت کو دوبارہ زندہ کیا۔ یہ قہوے صرف اُبلے ہوئے پتے یا جڑیں نہیں، بلکہ مکمل علاج ہیں جو جسم کی اندرونی کیمیا کو متوازن کرتے ہیں۔
قدرتی قہوہ نہ صرف بدن سے زہریلے مادے خارج کرتے ہیں بلکہ قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ ہر قہوہ کسی خاص جڑی بوٹی یا پھول سے تیار ہوتا ہے، جو ہاضمہ درست کرتا ہے، دماغی دباؤ کم کرتا ہے، نیند بہتر بناتا ہے، وزن گھٹاتا ہے اور جلد کو نکھارتا ہے۔
پودینے کا قہوہ پیٹ کے مسائل میں آرام دیتا ہے، دار چینی کا قہوہ شوگر کو قابو میں رکھتا ہے، سونف کا قہوہ جسم کو ٹھنڈک بخشتا ہے، جبکہ ادرک کا قہوہ جوڑوں کے درد اور نزلہ زکام میں فائدہ مند ہے۔
آج کی تیز رفتار زندگی میں جہاں نیند کی کمی، ذہنی دباؤ، موٹاپا اور ہاضمے کے مسائل عام ہو چکے ہیں، قہوہ جات ایک قدرتی، سستا اور محفوظ علاج بن کر سامنے آئے ہیں۔
قہوہ صرف ایک مشروب نہیں بلکہ زندگی کا ایک نیا اور صحت مند طرز ہے۔ اس کے پیچھے چھپی روایتی یونانی، آیورویدک اور دیسی حکمت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ شفا جسم کے اندر سے جنم لیتی ہے، اور قہوہ اس سفر کی پہلی سیڑھی ہے۔
قہوہ صرف ذائقہ نہیں، شفاء کا ذریعہ
قہوہ جات کا مقصد صرف جسم کو گرم رکھنا نہیں بلکہ اعضائے رئیسہ کو فعال بنانا ہے، خاص طور پر معدہ، جگر، دل، دماغ اور گردے۔ ان کا اثر براہِ راست نظامِ ہضم، خون کی صفائی اور اعصابی تناؤ پر ہوتا ہے۔
مشہور قہوہ جات اور ان کے طبی فوائد
سونف کا قہوہ: پیٹ کی جادوئی دوا
سونف کا قہوہ ہاضمے کے لیے نہایت مفید ہے۔ کھانے کے بعد ایک کپ سونف کا قہوہ بدہضمی، گیس اور سینے کی جلن کو ختم کرتا ہے۔ یہ آنتوں کو سکون دیتا ہے اور پیٹ کو ہلکا رکھتا ہے۔ سونف کی خوشبو دل کو خوش کرتی ہے اور اس کا ذائقہ ذہنی دباؤ کو کم کرتا ہے۔
دار چینی کا قہوہ: شوگر کنٹرول کا قدرتی راز
دار چینی کے قہوے میں شوگر کو متوازن رکھنے کی خاصیت پائی جاتی ہے۔ یہ خون میں شکر کی سطح کو قابو میں رکھ کر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے قدرتی نعمت بن چکا ہے۔ اس میں موجود تیز خوشبو اور ذائقہ دل و دماغ کو سکون دیتے ہیں۔ دار چینی کا قہوہ ہاضمہ بھی بہتر کرتا ہے اور وزن گھٹانے میں معاون ہے۔
پودینے کا قہوہ: تازگی بھرا احساس
پودینہ جسم و دماغ کے لیے راحت بخش ہے۔ اس کا قہوہ معدے کو سکون دیتا ہے اور سر درد میں بھی فائدہ دیتا ہے۔ گرمیوں میں یہ قہوہ جسم کی حرارت کو کم کرتا ہے اور نیند میں بہتری لاتا ہے۔ سانس کی تروتازگی کے لیے بھی پودینے کا قہوہ بے مثال ہے۔
ادرک کا قہوہ: ہر درد کا دشمن
ادرک صدیوں سے بطور دوا استعمال ہو رہی ہے۔ اس کا قہوہ جوڑوں کے درد، نزلہ، زکام اور قبض میں حیرت انگیز فائدہ دیتا ہے۔ ہر گھونٹ جسم کو گرمائش دیتا ہے اور قوتِ مدافعت کو بیدار کرتا ہے۔ قدرت نے اس جڑ میں شفا چھپا رکھی ہے جو جدید دواؤں میں بھی کم ہی نظر آتی ہے۔ ادرک کا قہوہ تھکن مٹاتا ہے اور توانائی لوٹاتا ہے۔
الائچی کا قہوہ: خوشبو سے شفا
الائچی کا قہوہ خوشبو اور ذائقے کا حسین امتزاج ہے۔ یہ دل کو تقویت دیتا ہے، بلغم خارج کرتا ہے اور معدے کو طاقت دیتا ہے۔ اس قہوے سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور سانس کی نالیوں کو کھولتا ہے۔ دماغی الجھنوں میں سکون دیتا ہے۔
اجوائن کا قہوہ: پرانے پیٹ درد کا علاج
اجوائن قدرت کا حیرت انگیز تحفہ ہے۔ اس کا قہوہ پرانے بدہضمی، گیس اور پیٹ کے درد میں انتہائی مؤثر ہے۔ یہ آنتوں کو حرکت دیتا ہے اور پیٹ کی صفائی کرتا ہے۔ خواتین کے مخصوص ایام میں اجوائن کا قہوہ آرام بخشتا ہے۔
کلونجی کا قہوہ: ہر مرض کی دوا
کلونجی کو حدیث نبویؐ میں شفا قرار دیا گیا ہے۔ اس کا قہوہ قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے اور کئی امراض میں نفع دیتا ہے۔ کلونجی کے قہوے سے شوگر، بلڈ پریشر اور سردی زکام میں فائدہ ہوتا ہے۔ یہ ایک ہمہ گیر قدرتی دوا ہے۔
ہلدی کا قہوہ: زخموں کا محافظ
ہلدی سوزش کو کم کرنے والی جڑی بوٹی ہے۔ اس کا قہوہ جسمانی درد، زخم، سوجن اور الرجی میں بے حد مفید ہے۔ ہلدی کا قہوہ قوتِ مدافعت بڑھاتا ہے اور جلد کو صاف رکھتا ہے۔ یہ خالص دیسی علاج ہے جو اندرونی شفا بخشتا ہے۔
لیمن گراس کا قہوہ: ذہنی سکون کا ساتھی
لیمن گراس کا قہوہ اعصابی نظام کو سکون دیتا ہے۔ بے خوابی، بے چینی اور تناؤ میں راحت بخشتا ہے۔ اس کا ذائقہ تازگی بخشتا ہے اور خوشبو طبیعت کو ہشاش بشاش کرتی ہے۔ یہ قہوہ ہاضمہ بھی بہتر کرتا ہے اور موڈ خوشگوار بناتا ہے۔
تلسی کا قہوہ: روحانی طاقت کا ذریعہ
تلسی کو مقدس پودا مانا جاتا ہے۔ اس کا قہوہ وائرس اور جراثیم کے خلاف طاقت دیتا ہے۔ بخار، کھانسی، نزلہ اور دمہ میں مفید ہے۔ تلسی کا قہوہ دل کو طاقت دیتا ہے اور دماغ کو سکون۔ یہ ایک مکمل روحانی اور جسمانی شفا ہے۔
بہی دانہ کا قہوہ: کھانسی اور بلغم کا دشمن
بہی دانہ کا قہوہ گلے کی خراش، کھانسی اور بلغم کے مسائل میں مفید ہے۔ یہ نرمی بخشتا ہے اور گلے کو سکون دیتا ہے۔ سردیوں میں روزانہ ایک کپ بہی دانہ کا قہوہ جسم کو گرم رکھتا ہے اور سانس کی نالیوں کو صاف کرتا ہے۔
گل منڈی کا قہوہ: ذہن کو سکون دینے والا
گل منڈی ایک خوشبودار پھول ہے جس کا قہوہ ذہنی دباؤ، بے خوابی اور گھبراہٹ کے لیے مفید ہے۔ یہ دماغی سکون فراہم کرتا ہے اور نیند کو بہتر کرتا ہے۔ اگر دن تھکا دینے والا ہو تو ایک کپ گل منڈی کا قہوہ سب کچھ بدل دیتا ہے۔
زعفران کا قہوہ: طاقت اور توانائی کا خزانہ
زعفران قیمتی دوا ہے۔ اس کا قہوہ جسمانی کمزوری، تھکن اور افسردگی کے لیے بہترین ہے۔ زعفران کا قہوہ خون صاف کرتا ہے، رنگ نکھارتا ہے اور دماغ کو تازگی بخشتا ہے۔ شادی شدہ افراد کے لیے بھی زعفران کا قہوہ مفید ہے۔
املی کا قہوہ: گرمی کا ٹھنڈا علاج
املی کا قہوہ گرمیوں میں جسم کی گرمی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ پیاس بجھاتا ہے، جگر کو طاقت دیتا ہے اور معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے۔ املی کا قہوہ تازگی بخشتا ہے اور بھوک کھولتا ہے۔
عناب کا قہوہ: خون صاف، جسم ہلکا
عناب کا قہوہ خون کو صاف کرتا ہے، جگر کو طاقت دیتا ہے اور جلدی بیماریوں میں مفید ہے۔ یہ قہوہ گرمی، پھوڑے، کیل مہاسوں اور خارش میں نفع دیتا ہے۔ عناب کے قہوے سے جسم ہلکا محسوس ہوتا ہے اور مزاج خوشگوار رہتا ہے۔
قہوہ اور اعضاء کا باہمی تعلق
ہر قہوہ کسی نہ کسی عضوِ مفرد پر اثر انداز ہو کر جسم کو اعتدال کی طرف لاتا ہے۔ جب معدہ میں حرارت بڑھے تو ٹھنڈے اثر والا قہوہ، اور جب سستی ہو تو گرم مزاج قہوہ استعمال کرنا فطرت کے قریب طریقِ علاج ہے۔
چند مفید نسخہ جات
(1)
لونگ 2 عدد، دارچینی آدھی چمچ، شہد ایک چمچ اور پانی 1 کپ
طریقہ استعمال
پانی میں لونگ اور دارچینی ڈال کر 5 منٹ اُبالیں اس کے بعد شہد ملا کر سونے سے پہلے پئیں۔
اعصابی تھکن اور نیند کی کمی کے لیے مفید ہے۔
(2)
بڑی الائچی 5عدد، گل سرخ 6گرام، چائے کی پتی آدھا گرام
بنانے کا طریقہ
یہ تمام اشیاء ڈیڑھ پاؤ پانی میں ڈال کر آگ پر رکھ دیں۔ جب یہ پانی پک کر ایک پاؤ رہ جائے تو اسے اتار لیں اور چھان کر اس میں حسبِ ذائقہ چینی ملا لیں۔
خواص
یہ قہوہ قلب اور عضلات میں سکون پیدا کرتا ہے۔ اس قہوہ کے استعمال سے پیشاب کی جلن فوراً ختم ہو جاتی ہے۔ خفقانِ قلب کو یہ قہوہ بہت جلد فائدہ دیتا ہے۔ بے چینی اور گھبراہٹ کیلئے انتہائی مجرب ہے۔
(3)
زرشک 6 گرام اور چائے کی پتی ایک گرام
بنانے کا طریقہ
تمام اشیاء ڈیڑھ پاؤ پانی میں ڈال کر آنچ پر رکھ کر گرم کریں۔ جب پانی ایک پاؤ رہ جائے تو اسے چھان کر استعمال کریں
خواص
یہ قہوہ مقوی قلب ہے۔ دل گھٹتا ہو، مریض خوف محسوس کرتا ہو۔ اس قسم کے مریضوں میں یہ قہوہ بہت مفید ہے۔ بخار کے دوران اور بخار کے بعد بےچینی اور گھبراہٹ دور کرنے کیلئے مفید ہے۔
(4)
لونگ 9عدد، دارچینی 6 گرام، منقی 15 عدد
بنانے کا طریقہ
ڈیڑھ پاؤ پانی میں تمام اشیاء ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب پانی ایک پاؤ رہ جائے تو چھان کر استعمال کریں۔
خواص
یہ قہوہ عضلات میں تحریک پیدا کرتا ہے۔ اس کا استعمال مریض کو قوت دیتا ہے اور بخار کو اتار دیتا ہے۔ نمونیہ کیلئے انتہائی موثر دوا ہے۔
ہر مرض کے اصولی اور یقینی علاج کیلئے مسلم دواخانہ کی خدمات حاصل کریں
Do visit us for principled and certain treatment
